روس داعش مخالف اتحاد میں شامل نہیں ہوگا: ویتالی چورکین
Sep ۰۳, ۲۰۱۵ ۰۴:۴۶ Asia/Tehran
-
روس داعش مخالف اتحاد میں شامل نہیں ہوگا
اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے ویتالی چورکین نے کہا ہے کہ ان کا ملک داعش مخالف اتحاد میں شامل نہیں ہوگا۔
ایتارتاس کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے ویتالی چورکین نے بدھ کے دن نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران کہا کہ امریکی قیادت والے داعش مخالف اتحاد کو اقوام متحدہ کی حمایت حاصل نہیں ہے اور ان کا ملک اس اتحاد کا حصہ نہیں بنے گا۔ ویتالی چورکین نے مزید کہا کہ داعش مخالف اتحاد دمشق کی حکومت کی مرضی کے بغیر شام کی سرزمین پر بمباری کر رہا ہے۔اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے کا کہنا تھا کہ ماسکو سمجھتا ہے کہ دہشت گرد گردہ داعش کا مقابلہ ترجیح رکھتا ہے لیکن داعش مخالف اتحاد کے ارکان ابھی تک یہ نہیں سمجھ پائے ہیں کہ وہ شام میں کیا مقاصد حاصل کرنے کے درپے ہیں۔
منگل کے دن روسی صدر کے ترجمان نے بھی اسرائیلی ذرائع ابلاغ کی نشر کردہ خبر پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ روسی فوج کے لڑاکا طیاروں نے شام میں دہشت گرد گروہ داعش کے ٹھکانوں پر بمباری نہیں کی۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے منگل کے دن دعوی کیا تھا کہ روس کے لڑاکا طیاروں میگ انتیس اور یاک ایک سو تیس نے شام میں دہشت گرد گروہ داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔
ٹیگس