یونان کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی کشتی الٹ گئی، 15 بچوں سمیت 34افرادہلاک
Sep ۱۴, ۲۰۱۵ ۰۸:۵۰ Asia/Tehran
ترکی اور یونان کے درمیان واقع بحیرہ ایجیئن میں یونانی جزیرے کے قریب تارکین وطن کی ایک کشتی الٹنے سے، پندرہ بچوں سمیت چونتیس افراد ہلاک ہوگئے۔
ایتھنز سے فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق یہ کشتی ترکی کے ساحل سے پندرہ کیلومیٹر کے فاصلے پر واقع جزیرہ فارماکونیس Farmakonis کے قریب سمندر میں غرق ہوئی ہے-یونانی نیوز ایجنسی "آنا" ANA کے مطابق اس کشتی میں ایک سو بارہ تارکین وطن سوار تھے اور ان کا تعلق شام، لیبیا اور دیگرافریقی ممالک سے تھا-
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز ہواؤوں کے باعث مسافروں سے لدی کشتی توازن برقرار نہ رکھ سکی اور الٹ گئی۔
کشتی الٹنے کے نتیجے میں پندرہ بچوں سمیت چونتیس افراد ہلاک ہوگئے- اڑسٹھ افراد کو یونانی کوسٹ گارڈز نے بچالیا اور انتیس افراد تیر کر ساحل تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔