عالمی سطح پر صحافیوں کے خلاف تشدد میں اضافے پر موگرینی کی تشویش
Nov ۰۲, ۲۰۱۵ ۱۷:۴۰ Asia/Tehran
-
عالمی سطح پر صحافیوں کے خلاف تشدد میں اضافے پر موگرینی کی تشویش
یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نےعالمی سطح پر صحافیوں کے خلاف تشدد میں اضافے پر تشویش کا اظہارکیا ہے-
فیڈریکا موگرینی نے صحافیوں کے خلاف جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کو سزاؤں سے معاف رکھنے کے قانون کے خاتمےکے عالمی دن کی مناسبت سے کہا ہے کہ پوری دنیا میں صحافیوں کےخلاف تشدد میں اضافہ ہوتا جارہاہے جو تشویشناک امر ہے -انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ذرائع ابلاغ ہمارے معاشرے کا آئینہ ہیں ان کا کہنا تھا کہ اگرمیڈیا آزاد ہوگا اور اپنے تنقیدی فرائض انجام دے گا تو ہم بھی آزاد اور محفوظ رہیں گے-
یورپی یونین کے شعبہ خارجہ کی پالیسی کی سربراہ نے کہاکہ ہم ایک ایسے وقت صحافیوں کے خلاف جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کے لئے سزاؤں سے معافی کے قانون کے خاتمے کا عالمی دن منارہے ہیں جب پوری دنیا سے ایسی رپورٹیں مل رہی ہیں کہ صحافیوں کے خلاف تشدد اورانہیں ڈرانے دھمکانے کی واردات میں اضافہ ہورہا ہے -
ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کو توقع ہے کہ حکومتی عہدیدار پوری طرح بین الاقوامی معاہدوں اور اصولوں کی پابندی کریں گے اور اس قسم کے جرائم کے بارے میں آزادانہ تحقیقات کرائیں گے-
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے ثقافتی ادارے یونسکو نے دو نومبر کو صحافیوں کے خلاف جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کو سزاؤں سے معاف کرنے کے قانون کے خاتمے کا عالمی دن قراردے رکھا ہے -
یونسکو نے اپنے تازہ ترین بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ دس سال میں پوری دنیا میں سات سو صحافیوں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو قتل کیا گیا ہے -