Sep ۲۷, ۲۰۲۵ ۲۳:۰۳ Asia/Tehran
  • اپنے عہدے پر باقی ہیں! ہتھیار ڈالنے کا سوال نہیں اٹھتا، ہم سازش کا کربلاوالوں کی طرح مقابلہ کریں گے: شیخ نعیم قاسم

شہید سید حسن نصراللہ کی شہادت کی پہلی برسی پر حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے بیروت میں اس مناسبت سے منعقد ہونے والے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شہید سید حسن نصراللہ کی شخصیت پر روشنی ڈالی۔

 سحرنیوز/عالم اسلام: شیخ نعیم قاسم نے اس موقع پر کہا کہ شہید نصراللہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ اور امام خامنہ ای کے حقیقی پیرو تھے اور ان شخصیات کو اپنا نمونہ عمل سمجھتے تھے اور اسی لیے کئی نسلیں اپنی نجات کے لیے ان کی مرہون منت ہیں۔

انہوں نے زور دیکر کہا کہ حزب اللہ اس راستے پر گامزن ہے جسے شہید نصراللہ نے اپنے خون، اپنے تفکر اور روحانیت سے سینچا اور اسی لیے کامیابی یقینا حزب اللہ کے قدم چومے گی۔

شیخ نعیم قاسم نے شہید نصراللہ کے اس معروف جملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہ شکست کا دور ختم اور کامیابی کا دور شروع ہوچکا ہے کہا کہ اس وقت دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ کامیابیوں کو محسوس کر رہے ہیں۔

حزب اللہ کے سربراہ نے استقامت کے سیدالشہدا سید حسن نصراللہ کو مخاطب کرکے کہا کہ:

" اے نصراللہ! "ہم اپنے عہدے پر باقی ہیں اور آّپ کے روشن کردہ راہ پر ڈٹے رہیں گے، اس امانت کو محفوظ اور میدان کو ہرگز خالی نہیں کریں گے نہ ہی دشمنوں کے سامنے ہتھیار ڈالیں گے۔"

حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے اس موقع پر صیہونی حکومت کے ساتھ جنگ کو ایک بڑی عالمی جنگ قرار دیا اور کہا کہ حزب اللہ نے استقامتی محاذ کو ختم کرنے پر مبنی صیہونی حکومت کی سازش کا شاندار انداز میں مقابلہ کیا اور گریٹر اسرائیل کے منصوبے کو خاک میں ملا دیا۔

انہوں نے زور دیکر کہا کہ جو کچھ اسرائيل جنگ کے میدان میں حاصل نہ کرسکا اسے سیاست کے محاذ سے بھی حاصل ہونے نہیں دیں گے۔

شیخ نعیم قاسم نے زور دیکر کہا کہ امریکہ اور اسرائیل حزب اللہ کا ہتھیار چھیننا چاہتے ہیں جو پورے لبنان کو نہتے کرنے کے مترادف ہے لیکن انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ ہم کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ حزب اللہ کے ہتھیار کو اس سے چھینے اور امریکی اور صیہونی سازش کا کربلا [والوں] کی طرح مقابلہ کریں گے۔

ٹیگس