نیپالی وزیر اعظم کی ہندوستان پر نکتہ چینی
-
نیپال کے وزیر اعظم، کے پی شرما
نیپال کے وزیر اعظم نے ہندوستان کی جانب سے مشترکہ سرحد بند کرنے پر ہندوستان کو ہدف تنقید بنایا ہے-
ارنا کی رپورٹ کے مطابق نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما اولی نے، ہندوستان کی جانب سے دونوں ملکوں کی مشترکہ سرحد بند کرنے کے تعلق سے ہندوستان پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی دہلی کی جانب سے سرحد کے حساس علاقوں کا بند کیا جانا اور بائیکاٹ کرنا، ایک غیر انسانی اور جنگ سے بڑھ کر بے رحمانہ اقدام ہے-
انہوں نے جمعے کو ایک تقریر میں کہا کہ ہمارے پڑوسی ملک ہندوستان نے، نیپال میں ہونے والی تباہ کاریوں سے آگاہ ہونے کے باوجود اپنی سرحدیں ہم پر بند کر رکھی ہیں جبکہ حتی جنگ کے زمانے میں بھی عوام کو غذائی اشیاء فراہم کرنے کو ترجیح حاصل ہے-
نیپالی وزیر اعظم نے اسی طرح، اقوام متحدہ میں ہندوستان کی جانب سے نیپال میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرنے پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نیپال، تمام مخالف گروہوں کے ساتھ پر امن طریقے سے مذاکرات کرنے میں کوشاں ہیں-
ہندوستان نے بدھ کے روز اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں نیپال پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ملک کی موجودہ مشکلات، تشدد کے ذریعے حل نہیں کی جاسکتیں-
واضح رہے کہ نیپال کے نئے آئین کے مخالفین کی جانب سے غذائی اشیاء اور ایندھن کے حامل ٹرکوں پر حملے کے خطرے کے پیش نظر گذشتہ چالیس دنوں سے ہندوستان اور نیپال کی سرحدیں بند کردی گئی ہیں-
نیپال کے نئے بنیادی آئین کے مخالفین کے احتجاجی مظاہروں میں، گذشتہ ایک ماہ کے دوران تقریبا چالیس افراد ہلاک ہوچکے ہیں-