کیمیاوی و جراثیمی ہتھیاروں کے خطرے کے بارے میں فرانس کے وزیر اعظم کا انتباہ
فرانس کے وزیر اعظم نے اپنے ملک کے خلاف کیمیاوی اور جراثیمی ہتھیاروں کے استعمال کے خطرے کے بارے میں خبر دار کیا ہے۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فرانس کے وزیر اعظم مانوئل والس نے پارلیمنٹ میں تقریر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ فرانس کو تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے مقابلے میں اس گروہ کے ذریعہ کیمیاوی اور جراثیمی ہتھیار استعمال کرنے کا خطرہ درپیش ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی بھی خطرے کے امکان کو مسترد نہیں کرنا چاہئے بلکہ تمام ضروری احتیاطی اقدامات انجام دینے چاہئیں۔
فرانسیسی وزیر اعظم نے کہا کہ ہم جانتے ہیں اور یاد رکھنا چاہئے کہ کیمیاوی اور جراثیمی ہتھیاروں کا خطرہ موجود ہے۔ ادھر
فرانسیسی پولیس نے کہا ہے کہ جب تک فرانس میں ایمرجنسی نافذ رہے گی تب تک پولیس اہلکاروں کو اپنی ڈیوٹی کے علاوہ بھی عام شہریوں کی جان کی حفاظت کے لئے ہتھیار پاس رکھنے کی اجازت ہوگی۔
ادھر یورپ کی پولیس، یوروپول، کے سربراہ راب ون رائٹ نے پیرس حملوں کے بعد یورپ میں داعش گروہ کے دہشت گردانہ حملوں میں اضافے کی بابت انتباہ دیا ہے۔ راب ون رائٹ نے یورپی پارلیمنٹ میں کہا کہ داعش کی دہشت گردانہ کارروائیاں گزشتہ دس سال سے زیادہ عرصے میں یورپ کے خلاف سنگین ترین دہشت گردانہ خطرات ہیں۔
واضح رہے کہ فرانسیسی پولیس نے بدھ کے روز پیرس کے شمالی مضافاتی علاقے سینٹ ڈینس میں ایک کارروائی میں دو دہشت گردوں کو ہلاک اور آٹھ کو گرفتار کرلیا تھا۔ پیرس سے ملنے والی تازہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پیرس دہشت گردانہ حملوں کا ماسٹر مائنڈ بھی ہلاک ہوجانے والے دہشت گردوں میں شامل ہے۔