داعش پر حملوں میں شدت پیدا کرنے کا حکم
-
داعش پر حملوں میں شدت پیدا کرنے کا حکم
فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند نے عراق اور شام میں دہشت گرد گروہ داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں میں شدت پیدا کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی صدر کے دفتر نے جمعرات کے دن ایک بیان میں کہا کہ صدر فرانسوا اولاند نے شام اور عراق میں داعش کے خلاف فوجی کارروائیوں میں شدت پیدا کرنے کے بارے میں ضروری احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
اس بیان میں آیا ہے کہ کابینہ کے ساتھ صدر کی میٹنگ کے دوران جمعے کے رات پیرس میں دہشت گرد گروہ داعش کے حملوں کے بارے میں ایک رپورٹ پیش کئے جانے کے علاوہ فرانسیسی شہریوں کی حفاظت کے لئے ضروری اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
فرانسوا اولاند نے پیر کے دن بھی کہا تھا کہ شام میں حملوں میں شدت پیدا کر دی جائے گی۔
فرانس نے جمعے کی رات ہونے والے پیرس حملوں کے بعد شام میں دہشت گرد گروہ داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں میں شدت پیدا کر دی ہے۔
فرانس نے جمعرات کے دن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین کے درمیان ایک قرارداد کے مسودے کی کاپیاں تقسیم کیں۔
اس مسودہ قرارداد میں تمام ممالک سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ داعش کے خلاف جنگ میں شامل ہوجائیں اور اس گروہ کے دہشت گردانہ اقدامات کے خاتمے کے لئے اپنی کوششیں تیز کر دیں۔