روس کا یوکرین پر شدید ترین حملہ
-
فائل فوٹو
روس نے یوکرین کے دارالحکومت کی ایف پر اب تک شدید ترین فضائی حملہ کیا ہے ۔
سحرنیوز/دنیا: میڈیا ذرائع کے مطابق روس نے کی ایف پر آٹھ سو پانچ ڈرون فائر کئے جبکہ مختلف قسم کے تیرہ میزائل فائر کئے ہیں جو گذشتہ تین برس کے دوران سب سے بڑا فضائی حملہ ہے۔
اس حملے میں دو افراد ہلاک ہوئے جبکہ کی ایف میں ایک اہم سرکاری عمارت سے دھوئیں کے مرغولے فضاء میں بلند ہوتے دیکھے گئے ہیں۔یوکرین کی ایئر فورس کے ترجمان یوریے اہنت نےاس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ روس کی جانب سے اب تک کا سب سے بڑا حملہ تھا۔
یوکرین کی ایئر فورس نے اپنے بیان میں بتایا کہ انہوں نے سات سو سینتالیس ڈرونز اور چار میزائلوں کو مار گرایا ہے۔
یوکرین کی کابینہ کے لیے مختص عمارت سے دھواں اٹھتے ہوئے دیکھا گیا، کابینہ کی عمارت پر حملے کی تصدیق یوکرینی وزیراعظم نے بھی کی ہے ، اس عمارت میں یوکرین کی کابینہ کے ارکان رہتے ہیں اور ان کے دفاتر بھی یہیں واقع ہیں۔
یوکرین کی وزیراعظم نے کہا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ دشمن کے حملے میں سرکاری عمارت کو نقصان پہنچا ہے، اس کی چھت اور بالائی منزل متاثر ہوئی ہے۔