یمنی فوج نے اسرائیل پر ڈرون حملہ کیا، صیہونی حکومت میں خوف و ہراس
صیہونی میڈیا نے یمن کی جانب سے مقبوضہ فلسطین کے جنوبی علاقے النقب میں رامون فوجی اڈے پر یمنی فوج کے ڈرون حملے کی خبر دی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: صیہونی میڈیا کے مطابق یمن سے مقبوضہ علاقوں پر چار ڈرونز داغے گئے جن میں سے ایک نے رامون ایئرپورٹ کے ٹرمینل کو نشانہ بنایا۔اسرائیلی چینل چودہ نے اطلاع دی ہے کہ راڈار سسٹم نے یمن سے مقبوضہ علاقوں کی طرف داغے گئے تین ڈرونز کو روک لیا ہے۔
اسرائیل کے آرمی ریڈیو نے بھی ابتدائی طور پر ایک فوجی ذریعے کے حوالے سے اعلان کیا تھا کہ ایک یمنی ڈرون نے رامون ہوائی اڈے کے مسافر ٹرمینل کو نشانہ بنایا ہے۔ اسی دوران، اسرائیلی ریڈیو اور ٹیلی ویژن نے اطلاع دی ہے کہ آگ بجھانے والی ٹیمیں رامون ہوائی اڈے پر بڑے پیمانے پر آگ بجھانے کا کام کر رہی ہیں۔
اس حملے کے بعد اسرائیلی حکام نے فوری طور پر علاقے کی فضائی حدود بند کر دیں اور پروازیں معطل کر دیں۔یدیعوت احارونوت اخبار نے اطلاع دی ہے کہ اس حملے کے بعد اسرائیلی آرمی چیف آف اسٹاف کے گھر کے ارد گرد کے علاقے کو " بند فوجی زون " قرار دیا گیا ہے۔۔