شام کے سیاسی مستقبل کے بارے میں، دمشق حکومت کے نقطۂ نظر سے متفق ہیں: امریکہ
امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ، شامی عوام کی جانب سے اپنے ملک کے مستقبل کا فیصلہ کئے جانے کے بارے میں دمشق حکومت کے موقف سے متفق ہے۔
المیادین ٹیلیویژن کے مطابق امریکی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں شامی عوام کی جانب سے اپنے ملک کے مستقبل کا فیصلہ کئے جانے کے بارے میں دمشق حکومت کے موقف سے متفق ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام میں حکومتی اداروں کا تحفظ کئے جانے کی ضرورت ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے بیان میں شامی فوج کو ایک ایسے اہم ادارے سے تعبیر کیا گیا ہے کہ جس کا تحفظ کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی گئی ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کے بیان میں شام کے اقتدار سے بشار اسد کے ہٹنے کے وقت کی طرف کوئی اشارہ نہیں کیا گیا ہے جس سے ایسو شیئٹیڈ پریس کی اس رپورٹ کی تصدیق ہوتی ہے جس میں اعلان کیا گیا تھا کہ بحران شام کے حل سے متعلق امریکہ نے مارچ دو ہزار سترہ تک شام کے اقتدار میں بشار اسد کے باقی رہنے سے اتفاق کیا ہے۔ ایسو شیئٹیڈ پریس نے دعوی کیا ہے کہ شام کے اقتدار سے بشار اسد کی سبکدوشی کے بارے میں حکومت امریکہ کی یہ حکمت عملی، اس منصوبے کی بنیاد پر ہے کہ جس پر گذشتہ سال نومبر میں ویانا کانفرنس میں اتفاق کیا گیا تھا۔ البتہ اس خبر پر امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان جان کربی نے ایک بیان میں اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک، ابتدائی اور غیر سرکاری دستاویز ہے جس کا اطلاق، حکومت امریکہ کے سرکاری موقف پر نہیں ہوتا۔