Jan ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۹:۳۲ Asia/Tehran
  • چین کا خلائی مشن

چین نے چاند کے زمین سے اوجھل حصے پر آئندہ دو سال کے دوران خلائی مشن روانہ کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

چینی ذرائع ابلاغ کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چاند کا یہ نصف حصہ ہمیشہ زمین سے مخالف سمت میں رہتا ہے اور اس حصے کی تصاویر پہلی مرتبہ انیس سو انسٹھ میں منظر عام پر آئیں لیکن ابھی تک اس حصے پر کوئی خلائی مشن نہیں بھیجا گیا۔

رپورٹ کے مطابق اس چینی خلائی مشن کا نام چانگ فور رکھا گیا ہے اور اسے دو ہزار اٹھارہ میں روانہ کیا جائے گا۔

چین کے خلائی تحقیقاتی مرکز کے سربراہ لیوجی ژونگ نے امید ظاہر کی ہے کہ چانگ فور مشن کے تحت چاند پر جانے والا تحقیقاتی ربوٹک سیارہ آسانی کے ساتھ اترے گا اور چاند کے اوجھل حصوں کی سیر کرنے کے علاوہ تحقیقات بھی انجام دے گا۔

چین زمین کے مدار میں مستقل خلائی اسٹیشن کے قیام کے بعد سن دو ہزار بیس تک چاند پر انسان بھی بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔