برطانیہ، تارکین وطن کو رنگین رسٹ بینڈ پہننے کا حکم
برطانیہ کے شہر کارڈف میں مقیم غیر ملکی تارکین وطن کو رنگین رسٹ بینڈ ہاتھ میں پہنے رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانوی وزارت داخلہ کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت کلیئر اسپرنگ نامی تنظیم کے قائم کردہ عارضی گھروں میں مقیم تارکین وطن سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے مخصوص قسم کے رنگین رسٹ بینڈ اپنے ہاتھوں میں ہروقت پہنے رکھیں بصورت دیگر انہیں کھانے پینے کی اشیا اور دیگر وسائل فراہم نہیں کئے جائیں گے۔
پناہ کی درخواست منظور ہونے سے پہلے ان لوگوں کو کام کاج کرنے اور سماجی خدمات حاصل کرنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔ برطانوی اخبار گارڈین نے اس اقدام کو شمالی برطانیہ کے شہر مڈلز بورو رسوائی سے تعبیر کیا ہے جہاں تارکین وطن کے گھروں پر سرخ نشان لگا دیئے گئے تھے۔
اخبار کے مطابق اس اقدام سے تارکین وطن کی شناخت اور انہیں تشدد کا نشانہ بنانے میں آسانی پیدا ہو گی۔ کلیئر اسپرنگ تنظیم کا کہنا ہے کہ رنگین رسٹ بینڈ پہننے کا معاملہ تارکین وطن کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا ہے تاہم برطانوی وزارت داخلہ نے اس بارے میں تاحال کوئی وضاحت پیش نہیں کی ہے۔