روس اور ترکی کے تعلقات میں جاری کشیدگی
انقرہ میں روس کے سفیر نے کہا ہے کہ ترکی یہ ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے کہ روسی جنگی طیاروں نے اس کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔
انقرہ میں روس کے سفیر آندرہ کارلوف نے منگل کو کہا کہ ترک حکومت، روسی طیاروں کی جانب سے ترک فضائی حدود کی خلاف ورزی کئے جانے پر مبنی اپنے دعوے کو ثابت کرنے کے لئے کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کر سکی ہے۔
روسی سفیر نے کہا کہ ماسکو نے جب بھی ترک حکومت سے کہا کہ وہ اپنے اس دعوے کے بارے میں ثبوت پیش کرے تو ترک حکومت نے اس کا کبھی کوئی جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ ماسکو نے ترکی کے ذریعے مار گرائے گئے روسی جنگی طیارے کے بارے میں بھی ترک حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ثبوت پیش کرے کہ روس کے سوخوئی جنگی طیارے نے ترکی کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی۔
واضح رہے کہ ترکی نے گذشتہ چوبیس نومبر کو روس کا ایک سوخوئی لڑاکا طیارہ شامی فضائی حدود میں یہ کہہ کر مار گرایا تھا کہ اس نے ترکی کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی۔ روس کا کہنا ہے کہ اس کے طیارے کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ داعش کے خلاف ہوائی حملے کے مشن پر تھا۔ اس واقعے کے بعد سے روس اور ترکی کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہو گئے۔