فرانس کے وزیر خارجہ آئینی کونسل کے سربراہ مقرر
Feb ۱۰, ۲۰۱۶ ۱۷:۰۳ Asia/Tehran
فرانس کے وزیر خارجہ لوران فیبیس کو اس ملک کی آئینی کونسل کا سربراہ مقرر کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق فرانس کے وزیر خارجہ نے بدھ کی صبح اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا جس کے بعد انہیں آئینی کونسل کا سربراہ مقرر کر دیا گیا۔ لوران فیبیس سن دو ہزار بارہ سے فرانس کے وزیر خارجہ تھے اور انہیں صدر فرانسوا اولینڈ کا قریبی ساتھی تصور کیا جاتا ہے۔
فرانس کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسٹیفن لوفل نے منگل کے روز فرانسیسی کابینہ کو بتایا تھا کہ آئین کی نگراں کونسل کے موجودہ سربراہ جان لوئی دوبرے، اپنے عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔
سیاسی مبصرین فرانسیسی کابینہ میں اس تبدیلی کو آئندہ انتخابات کے حوالے سے بہت اہم قرار دے رہے ہیں۔ فرانس کے صدر آئندہ انتخابات سے قبل اپنی کابینہ میں رد و بدل کرنا چاہتے ہیں اور وزیر خارجہ کی تبدیلی، اس کا نقطہ آغاز ہے۔