Feb ۱۳, ۲۰۱۶ ۱۵:۴۸ Asia/Tehran
  • امریکہ چین کی سلامتی کے لئے خطرہ نہ بنے، وانگ یی

چین کے وزیر خارجہ نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے حالیہ میزائل تجربے کے ردعمل میں وہ میزائل دفاعی سسٹم کی تعیناتی میں احتیاط کرے اور چین کی سلامتی کے لئے خطرہ نہ بنے۔

رپورٹ کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے میونیخ سیکورٹی کانفرنس کے موقع پر اپنے امریکی ہم منصب جان کیری سے ملاقات میں میزائل دفاعی سسٹم (ٹیڈ) کی تعیناتی پر اپنی مخالفت کا اعلان کیا۔ وانگ یی نے اس ملاقات میں کہا کہ امریکیوں کو احتیاط سے عمل کرنا چاہئے تاکہ چین کی سلامتی کو نقصان نہ پہنچے اور علاقائی امن و سلامتی میں ایک اور پیچیدہ مسئلے کا اضافہ نہ ہو۔ توقع کی جا رہی ہے کہ جنوبی کوریا اور امریکہ آئندہ ہفتے اس میزائل دفاعی سسٹم کی تعیناتی کے بارے میں مذاکرات کا آغاز کریں گے۔ چین کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ مذاکرات کے دوبارہ آغاز سے چین اور امریکہ کے مفادات پورے ہوں گے۔ واضح رہے کہ شمالی کوریا نے چھے فروری کو دور مار میزائل کے ذریعے خلا میں سیٹیلائٹ بھیجا تھا۔ یہ اقدام شمالی کوریا کی جانب سے ایک ایٹمی تجربے کے کچھ عرصے کے بعد عمل میں آیا۔ شمالی کوریا کے ایٹمی تجربے کی اس کے ہمسایہ اور مغربی ملکوں نے مذمت کی ہے۔