شیکاگو کے بعد اوہایو میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی میں بدنظمی
امریکہ میں ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی اوہائیو میں بھی انتخابی ریلی بدنظمی کا شکار ہو گئی اور دو بار انتخابی جلسہ متاثر ہوا۔
ایک جلسے میں مظاہرین میں سے ایک شخص نے اسٹیج پر چڑھ کر ڈونلڈ ٹرمپ پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو دوسری جگہ بھی نعرے بازی نے ان کے لئے جلسہ کرنا مشکل کر دیا۔
ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے نفرت انگیز بیانات کے باعث انتخابی جلسے اور ریلیاں کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے۔ اس سے قبل شیکاگو میں ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جھڑپوں کے بعد ریلی منسوخ کر نا پڑی تھی۔
نیاواقعہ اوہائیو میں ریلی کے دوران پیش آیا جہاں ونڈالیا میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی سے خطاب کے دوران ایک شخص نے اسٹیج پر چڑھنے کی کوشش کی، تاہم سیکورٹی اہلکاروں نے بروقت اسے قابو میں کر لیا اور ڈونلڈ ٹرمپ کو بال بال بچا لیا۔
مظاہرین کی جانب سے احتجاج کے باعث ڈونلڈ ٹرمپ کو کئی بار اپنی تقریر روکنا پڑی۔ ٹرمپ اوہائیو ہی کے شہر کلیولینڈ گئے تو مظاہرین نے وہاں بھی ان کا پیچھا نہیں چھوڑا۔
ادھر ڈیموکریٹس کی جانب سے صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل ہلیری کلنٹن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔