ایران اور ترکی شام کی تقسیم نہیں چاہتے: ترکی کے وزیر اعظم
ترکی کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ترکی اور ایران شام کی تقسیم نہ ہونے کے سلسلے میں ہم فکر ہیں اور ایران، اسرائیل کے مقابلے میں ایک طاقتور شام کا خواہاں ہے-
ارنا کی رپورٹ کے مطابق احمد داؤد اوغلو نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے گذشتہ مہینے انجام پانے والے دورہ تہران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تہران کے دورے میں ایرانی حکام کے ساتھ جس مسئلے پر ہم فکری پائی جاتی تھی وہ ایک متحدہ حکومت کے طور پر شام کی ارضی سالمیت کا مسئلہ تھا اور ایران، اسرائیل کے مقابلے میں ایک طاقتور شام کا خواہاں ہے-
داؤد اوغلو نے شمالی شام میں بعض کرد گروہوں کی جانب سے وفاقی نظام کے اعلان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان گروہوں نے ان کردوں کو جو ان کے ہم فکر نہیں تھے اپنی سرزمین سے باہر نکال دیا اور آج بھی وہ موجودہ صورتحال کو تسلیم کروانے کے درپے ہیں لیکن یہ بات ناقابل قبول ہے-
قابل ذکر ہے کہ ترکی کے اعلی رتبہ حکام نے بارہا شام میں وفاقی نظام کے اعلان کی مخالفت کی ہے اور اسے ناقابل قبول قرار دیا ہے-