اسٹیفن ڈی میسٹورا اور سرگئی لاوروف کے شام کے بارے میں مذاکرات
شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن ڈی میسٹورا نے اپنے دورہ ماسکو میں روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کی ہے۔
مہر نیوز ایجنسی نے روسیا الیوم کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ روسی وزیر خارجہ نے منگل کے روز امید ظاہر کی کہ اسٹیفن ڈی میسٹورا کا دورہ ماسکو جنیوا میں شام کے امن مذاکرات کے نئے دور کی آمادگی کے سلسلے میں ایک اہم مرحلہ ہو گا۔
سرگئی لاوروف نے اسٹیفن ڈی میسٹورا سے ملاقات میں یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ جنیوا میں شام کے امن مذاکرات کے حالیہ دور کے نتائج کی کسی بھی فریق نے مخالفت نہیں کی ہے، کہا کہ روس اور امریکہ شام کے امن مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں۔
روس کے وزیر خارجہ نے شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ روس شام کے امن مذاکرات کے لیے کی جانے والی آپ کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن ڈی میسٹورا نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ وہ بحران شام کے حل کے لیے حالات سازگار بنانے کے سلسلے میں تہران، دمشق، انقرہ اور ریاض کا دورہ کریں گے۔