جزیرہ نمائے کوریا میں میزائل سسٹم نصب کرنے کا امریکی فیصلہ، ماسکو کی سلامتی کے لئے خطرہ ہے: روس
روس نے جزیرہ نمائے کوریا میں میزائل سسٹم نصب کرنے کے امریکا کے فیصلے کو ماسکو کی سلامتی کے لئے خطرہ قرار دیا ہے
روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے کہاہے کہ جزیرہ نمائے کوریا میں میزائل سسٹم نصب کرنے کا امریکی حکومت کا فیصلہ اس علاقے میں امریکا کی فوجی موجودگی کادائرہ وسیع کرنے کے مقصد سے ہے اور یہ روس کی سلامتی کے لئے ایک خطرہ شمارہوتاہے-
سرگئی لاوروف نے ماسکو میں صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جزیرہ نمائے کوریا میں امریکا کے ذریعے ممکنہ طور پر میزائل سسٹم نصب کئے جانے پر روس اور چین کو تشویش ہے اوردونوں ہی ملک یہ سمجھتے ہیں کہ اس میزائل سسٹم کونصب کئے جانے سے بیجنگ اور ماسکو کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوسکتاہے -
ماسکو نے امریکا کے اس فیصلے کو اسٹریٹیجک استحکام کے منافی قراردیا ہے اور کہاہے کہ علاقے میں کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کی جانی چاہئے -
واضح رہے کہ امریکا اور جنوبی کوریا نےگذشتہ مہینے تھاڈ نامی میزائل سسٹم نصب کئے جانے کے بارے میں مذاکرات شروع کئے ہیں - امریکا اور جنوبی کوریا نے دعوی کیا ہے کہ اس میزائل سسٹم کو نصب کرنے کا مقصد شمالی کوریا کے میزائلی خطرات کا مقابلہ کرنا ہے-
دوسری جانب چین نے کہاہے کہ وہ تھاڈ میزائل سسٹم کو نصب کئے جانے کا مخالف ہے- چین کا کہنا ہے کہ اس سسٹم کی وسعت جزیرہ نمائے کوریا کی دفاعی ضروریات سے کہیں زیادہ ہے - اس درمیان واشنگٹن نے بھی دعوی کیا ہے کہ تھاڈ میزائل سسٹم نصب کرنے کا پروگرام صرف شمالی کوریاکے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے ہے اور اس سے چین کے اسٹریٹیجک مفادات کوکوئی خطرہ نہیں ہوگا -