برطانوی پارلیمنٹ کی فلیپ ہیمنڈ پر کڑی نکتہ چینی
برطانوی پارلیمنٹ نے یمن پر حملے میں سعودی عرب کی حمایت کرنے کی وجہ سے برطانوی وزیرخارجہ پر شدید تنقید کی ہے-
برطانوی پارلیمنٹ میں انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ کمیٹی نے وزیرخارجہ فلیپ ہیمنڈ کو ایک خط ارسال کرکے یمن پر حملے میں سعودی عرب کی حمایت کرنے پر ان کو ہدف تنقید بنایاہے اور مطالبہ کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کو ہتھیاروں کی فروخت کے معاہدے پر نظرثانی کریں-
برطانوی پارلیمنٹ کی مذکورہ کمیٹی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ یمن میں سرگرم انسانی حقوق کے کارکنوں اور اقوام متحدہ جیسے عالمی اداروں کی رپورٹوں میں کہا گیاہے کہ یمن پر سعودی عرب کے حملوں میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر پامالی ہورہی ہے -
انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہےکہ سعود ی عرب اور اس کے اتحادیوں کے حملوں میں وہ یمنی شہری زیادہ نشانہ بنے ہیں جواسپتالوں اور بازاروں میں تھے-
واضح رہے کہ سعودی عرب برطانیہ سے ہتھیار خریدنے والا ایک بڑا ملک سمجھا جاتاہے - سعودی عرب اور اس کے بعض اتحادی ملکوں نے گذشتہ برس چھبیس مارچ سے یمن پر ہوائی اور زمینی حملے شروع کررکھے ہیں جن کے نتیجے میں اب تک دسیوں ہزارعام شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ یمن کی بیشتر بنیادی شہری تنصیبات تباہ ہوگئی ہیں جن میں اسپتال اور اسکول سبھی شامل ہیں -