امریکا میں ناروا سلوک کے خلاف نیویارک میں مسلمانوں کا مظاہرہ
نیویارک میں امریکی مسلمان شہریوں نے امریکا میں مسلمانوں سے نارواسلوک کئے جانے اور اسلاموفوبیا پھیلائے جانے پر احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔
نیویارک کے علاقے اسلامبرگ میں یہ مظاہرہ پچھلے دنوں مٹھی بھر اسلام دشمن عناصر کے ذریعے کئے گئے مظاہرے کے جواب میں کیا گیا ہے- پچھلے دنوں کچھ اسلام دشمن عناصر نے ایک جلوس نکال کر نیویارک کے اسلامبرگ علاقے کے باشندوں پر الزام لگایا تھا کہ وہ دہشت گردوں کی تربیت کرتے ہیں- نیویارک کے مظاہرے میں امریکی مسلمانوں نے امریکا میں اسلاموفوبیا پھیلائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے امریکا میں مقیم سبھی ادیان و مذاہب کے پیروؤں کے درمیان امن و بھائی چارے کی تقویت پر زور دیا ہے- مظاہرے کے شرکا کا کہنا تھا کہ امریکی شہریوں کی اکثریت ایسے لوگوں کی ہے جو کسی نہ کسی مسلمان سے آشنائی رکھتی ہے-
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ دسمبر دو ہزار پندرہ میں ریاست کیلفورنیا کے شہر سن برنارڈینو میں ہونے والےدہشت گردانہ حملےکے بعد امریکا میں مسلمانوں، مسلمانوں کے مقدس مقامات اور باپردہ مسلمان خواتین پر حملے تیز ہو گئے ہیں- اس عرصے میں امریکا کے مختلف شہروں میں مساجد اور اسلامی مراکز پر حملے کئے گئے ہیں اور انہیں آگ لگائی گئی ہے-
امریکی مسلمانوں اور ان کے مذہبی مراکز پر حملوں میں شدت آنے کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ان واقعات پر وزیر خارجہ جان کیری بھی خاموش نہیں رہ سکے- جان کیری نےگیارہ اپریل کو ہیوسٹن کی رایس یونیورسٹی میں تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کے تعلق سے بعض انتخابی امیدواروں کے بیانات کشیدگی پیدکرنے والے ہیں- جان کیری نے امریکا میں اسلاموفوبیا کے بارے میں یہ بیان ایک ایسے وقت دیا ہے کہ جب صدارتی انتخابات میں ریپبلیکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ مسلمانوں کو امریکا میں آنے کی اجازت نہیں دینی چاہئے-
اس درمیان امریکا کے مسلم رہنماؤں اور تنظیموں نے ملک کے اندر اور باہر مسلمانوں کے سلسلے میں امریکی حکومت کی دوہرے معیار کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے امریکا میں اسلاموفوبیا کے پھیلنے اور مسلمانوں کے خلاف انتہاپسند عناصر کے اقدامات پر اپنی گہری تشویش ظاہر کی ہے-
امریکاکے سی بی ایس ٹی وی چینل کی سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا کے ساٹھ فیصد مسلمان شہریوں کو ملک میں مسلمانوں کے سلسلے میں پائی جانے والی تفریق اور امتیازی سلوک پر شکایت ہے۔