دنیا میں بڑی مشکلات کی وجہ سعودی عرب، چامسکی
نامور امریکی مفکر نوام چامسکی نے کہا ہے کہ دنیا میں تمام بڑے مسائل کی وجہ سعودی عرب ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق امریکی مفکر نوام چامسکی نے کہا ہے کہ سعودی عرب انتہا پسندی کا ایک ایسا مرکز ہے جہاں سے انتہا پسندی کے ساتھ وہابی افکار کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انھوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ سعودی عرب، امریکہ کا اتحادی اور نہ صرف انتہا پسند گروہوں کی مالی مدد کی فراہمی کا ذریعہ ہے بلکہ عقائد کے لحاظ سے بھی یہ ملک، اپنے زیراثر دینی مدارس اور وہابی ملاؤں سے استفادہ کر کے تمام مسلمان علاقوں میں انتہا پسندی کو فروغ دے رہا ہے۔ امریکہ کے اس نامور مفکر نے کہا کہ سعودی عرب، دنیا کا ایک ایسا ملک ہے جہاں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہوتی ہے اور دنیا کا واحد ملک ہے جہاں حکومت مخالفین کے سر، اس طرح سے قلم کئے جاتے ہیں کہ جیسے داعش دہشت گرد گروہ سر قلم کرتا ہے۔ نوام چامسکی نے کہا کہ سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ تک کرنے کی اجازت نہیں ہے اور سعودی عرب میں خواتین کو اس معولی ترین حق سے محروم کئے جانے کی، امریکہ،اور برطانیہ و فرانس جیسے اس کے اتحادی ملکوں کی جانب سے حمایت کی جا رہی ہے۔ امریکہ کے اس مفکر نے کہا کہ سعودی عرب، تیل اور دولت و ثروت سے مالامال ہے اور اس ملک کو اربوں ڈالر کے ہتھیار فروخت کئے جانے کے علاوہ ان ہتھیاروں کے استعمال کے لئے اس سے استفادہ بھی کیا جاسکتا ہے جیساکہ امریکہ اور برطانیہ کی حمایت سے یمن میں وہ ایسا، کر بھی رہا ہے۔