May ۲۴, ۲۰۱۶ ۱۵:۳۷ Asia/Tehran
  • امریکی صدر سے ایٹمی بمباری کے لئے معافی مانگنے کا مطالبہ

امریکا کے سائنسدانوں اور امن کے لئے کام کرنے والے کارکنوں نے صدر باراک اوباما سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جاپان پر امریکی بمباری میں مارے جانے والوں کے لواحقین سے معافی مانگیں۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے چوہتر سائنسدانوں اور امن کے لئے کام کرنے والی اہم شخصیات نے ایک خط کے ذریعے صدر باراک اوباما سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جاپان پر امریکا کی ایٹمی بمباری پر معافی نہ مانگنے کے فیصلے پر نظرثانی کریں ۔ اس خط میں باراک اوباما سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ جاپانی شہر ہیرو شیما کے دورے میں ایٹمی بمباری میں مارے جانے والوں کے لواحقین سے ملاقات میں ان سے باضابطہ معافی مانگیں ۔

امریکی صدرباراک اوباما کے نام امریکا کے سائنسدانوں اور امن کے لئے کام کرنے والی اہم شخصیات کے اس خط میں لکھا گیا ہے کہ ہیرو شیما کے دورے میں ایٹمی بمباری میں مارے جانے والوں کے لواحقین کے رنج و الم کو سمجھنے اور ایٹمی بمباری پر ان سے معافی مانگنے سے اس قسم کے المیوں کی روک تھام اور ایٹمی ترک اسلحہ میں مدد ملے گی ۔

امریکا کی اہم شخصیات نے اپنے اس خط میں صدر باراک اوباما سے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ امریکا میں ایٹمی اسلحے تیار کرنے کا سلسلہ ختم کرنے کا اعلان کریں ۔

یاد رہے کہ امریکی صدر باراک اوباما نے جاپان کے این ایچ کے ٹی وی سے ایک گفتگو میں اعلان کیا ہے کہ وہ دوسری عالمی جنگ کے اختتام پر جاپان کے دو شہروں ہیروشیما اور ناگاساکی پر امریکا کی ایٹمی بمباری کے لئے معافی نہیں مانگیں گے۔

چھے اور نو اگست انیس سو پینتالیس کو ہیروشیما اور ناگاساکی پر امریکا کی ایٹمی بمباری میں مجموعی طور پر دو لاکھ بیس ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔

ٹیگس