Dec ۰۳, ۲۰۲۵ ۱۲:۲۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان: دہلی کارپوریشن ضمنی انتخابات میں بی جے پی کو جھٹکا، عآپ نے اپنی ساکھ بچالی، فارورڈ بلاک نے کھاتا کھولا

دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے 12 وارڈوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔بی جے پی کو 2 سیٹوں کا نقصان، عآپ نے کسی طرح اپنی ساکھ بچالی، کانگریس کو فائدہ۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں ایم سی ڈی (دہلی میونسپل کارپوریشن) کے حالیہ ضمنی انتخابات کا آج اعلان کردیا گیا ہے۔ 12 سیٹوں پر ہونے والے انتخابات کے نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے 7 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ عام آدمی پارٹی (عآپ) نے 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور کانگریس نے ایک سیٹ جیتی ہے جبکہ ایک سیٹ بائيں بازو کی پارٹی  نے جیت کر اپنا کھاتا کھولا ہے۔  جن 12 سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہوئے ان میں 9 سیٹیں بی جے پی کے پاس تھیں اس لئے اس پارٹی کو 2 سیٹوں کا نقصان ہوا ہے۔

دہلی میونسپل کارپوریشن

 

ماہرین کا کہنا ہے کہ انتخابات کے نتائج کو کانگریس کے لئے حوصلہ افزا کہا جا سکتا ہے کیونکہ اس کے لئے موجودہ حالات میں ایک سیٹ جیتنا بھی اہم ہے۔ عام آدمی پارٹی (عآپ) نے 3 نشستیں حاصل کی ہیں، اس طرح وہ اپنی ساکھ بچانے میں کامیاب رہی ہے۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok

ایک سیٹ بائیں بازو کی پارٹی آل انڈیا فارورڈ بلاک نے حاصل کر کے اپنا کھاتا کھولا ہے۔ فارورڈ بلاک کے امیدوار محمد عمران نے چاندنی محل وارڈ سے حیران کن کامیابی حاصل کی ہے۔ محمد عمران کو سابق ایم ایل اے شعیب اقبال کی حمایت حاصل تھی۔ شعیب اقبال اپنے پسندیدہ امیدوار کو ٹکٹ دینے سے انکار کے بعد نومبر کے شروع میں عام آدمی پارٹی سے الگ ہوگئے تھے۔

پرانی دہلی کی ’ہاٹ سیٹ‘ کہی جانے والی چاندنی چوک نشست پر سخت مقابلہ ہوا جہاں آخر کار بی جے پی جیت گئی۔ اس سیٹ پر بی جے پی کی سمن گوڑ گپتا نے 7,825 ووٹ حاصل کرکے عآپ کے ہرش شرما (6,643 ووٹ) کو شکست دی۔ یہ جیت بی جے پی کے لیے اہم مانی جا رہی ہے۔

سال 2022  میں 250 وارڈوں کے لئے ہونے والے ایم سی ڈی انتخابات میں 50.47 اعشاریہ 47 فی صد کے مقابلے میں ان ضمنی انتخابات میں ووٹ فی صد محض 38 اعشاریہ 51 فی صد رہا۔

 

ٹیگس