Dec ۰۳, ۲۰۲۵ ۱۳:۰۶ Asia/Tehran
  • عالمی ریکارڈ رکھنے والے معروف ادارے

عالمی ریکارڈ رکھنے والے معروف ادارے "گنیز ورلڈ ریکارڈز" نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے غزہ میں غاصب اسرائیلی حکومت کے ذریعہ جاری نسل کُشی کی وجہ سے اس غاصب حکومت کا بائیکاٹ کردیا ہے۔

سحرنیوز/دنیا: ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق گنیز ورلڈ ریکارڈز نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ میں اسرائیلی حکومت کے ذریعہ کی جارہی نسل کُشی کی وجہ سے اب کوئی بھی اسرائیلی ریکارڈ درج نہیں کرے گا۔

غاصب اسرائیلی حکومت کے ٹی وی نیوز چینل 12 کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق گینز ورلڈ ریکارڈ نے، جو عالمی ریکارڈ رکھنے والا ایک معروف ادارہ ہے، اعلان کیا ہے کہ اس نے غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف جان لیوا حملوں کے جاری رہنے کی وجہ سے اسرائیلی حکومت کے ساتھ اپنا تعاون معطل کر دیا ہے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز

 

رپورٹ کے مطابق "تحفۂ زندگی" نامی ایک اسرائيلی تنظیم نے، جو رضاکارانہ طور پر گُردے عطیہ دینے کی حوصلہ افزائی کرتی ہے، عالمی ریکارڈ درج کرنے کے مقصد سے "گنیز" کے ذمہ داروں سے رابطہ کیا لیکن تنظیم کی یہ درخواست  واضح طور پرمسترد کر دی گئی۔ "تحفۂ زندگی" اسرائیلی تنظیم کی درخواست یہ کہتے ہوئے کہ "ہم اسرائیلی درخواستوں پر غور نہیں کرتے" مسترد کردی گئی۔

 یہ فیصلہ عالمی رائے عامہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے وسیع دباؤ کے نتیجے میں کیا گیا ہے جنہوں نے صیہونی حکومت پر نسل کُشی اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok

اطلاعات کے مطابق "گنیز" نے اس بات پر زور دیا ہے کہ مستقبل میں اسرائیل کا کوئی ریکارڈ درج نہیں کیا جائے گا اور اسرائيلی حکومت سے متعلق تمام درخواستوں کو ایجنڈے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

 واضح رہے کہ غزہ کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2023 میں غزہ پر اسرائیلی حکومت کے حملوں کے آغاز سے اب تک 70 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید اور تقریباً ایک لاکھ 71 ہزار زخمی ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔

 

ٹیگس