یورپی پارلیمنٹ کے ارکان کا سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت بند کرنے کا مطالبہ
یورپی پارلیمنٹ کے ارکان نے سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
العالم ٹیلی ویژن کے مطابق یورپی پارلیمنٹ کے ارکان نے مغربی ملکوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہالینڈ کی پیروی کرتے ہوئے سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت فوری طور پر روک دیں۔ یورپی پارلیمنٹ کے ارکان نے ہالینڈ کے اس اقدام کو رواں سال فروری میں یورپی پارلیمنٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کی جانب پہلا قدم قرار دیا ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے دہشتگردی کی حمایت، پھانسی کی سزاؤں میں اضافے اور جنگ یمن میں ہزاروں بے گناہوں کے قتل عام کو ، یورپی پارلیمنٹ کے اس فیصلے کی وجہ بتایا جا رہا ہے۔
یورپی پارلیمنٹ میں فرانس کی رکن میری کرسٹین نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ یورپی ممالک سعودی عرب کے بارے میں اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کی حکومت نے سعودی اقدامات پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔
برطانیہ سے یورپی پارلیمنٹ کے رکن نیکولا جان گراف مین نے اس موقع پر کہا کہ سعودی عرب دنیا بھر کے دہشت گردوں کا سرپرست ہے اور القاعدہ اور داعش جیسے دہشت گردوں کو اسلحہ فراہم کر کے انتہا پسندی کو فروغ دے رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ فرانس، جرمنی، برطانیہ، اٹلی اور اسپین امریکہ کے بعد،سعودی عرب کو سب سے زیادہ اسلحہ فروخت کرنے والے یورپی ممالک ہیں۔