امریکا سے ہوائی کی آزادی کا مطالبہ
جزیرہ ہوائی کے حریت پسندوں نے امریکا سے آزادی کے لئے واشنگٹن میں امریکی کانگرس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے ۔
واشنگٹن سے موصولہ رپورٹ کے مطابق جزیرہ ہوائی کی سول سوسائٹی کے اراکین، سماجی کارکنوں اور آزادی چاہنے والوں کی ایک تعداد نے واشنگٹن میں امریکی کانگرس کے سامنے اجتماع اور اس جزیرے پر امریکا کے غیر قانونی تسلط کے خلاف احتجاج کیا۔
اس رپورٹ کے مطابق مظاہرین کے ہاتھوں میں ایسے بینر اور پلے کارڈ تھے جن پر " ہوائی سے قبضہ ختم کرو، ہوائی کو آزآد کرو، اور ہوائی کو انصاف چاہئے جیسے نعرے درج تھے ۔
قابل ذکر ہے کہ اٹھارہ سو بیالیس میں ہوائی کو ایک خودمختار اور آزاد ملک تسلیم کیا گیا تھا۔ اس کے پینتالیس سال بعد اٹھارہ سوستاسی میں ہوائی کے فرمانروا کالاکوا نے خاص تجارتی سہولتوں کے بدلے میں امریکا کو پرل ہاربر سے استفادے کا حق دے دیا۔
امریکا نے سن انیس سو میں ہوائی کی نئی حکومت کی حمایت کے بہانے اس ملک پر قبضہ کرلیا اور پھر انیس سو انسٹھ میں امریکی کانگرس نے ایک بل پاس کرکے ہوائی کو امریکا کی ایک ریاست کا درجہ دیا ۔ اس کے بعد ہوائی میں نمائشی ریفرنڈم کراکے اس جزیرے کو امریکا کا حصہ دار قرار دے دیا گیا ۔
گزشتہ جمعے کو امریکا سے اس جزیرے کے غیر قانونی الحاق کی برسی کے موقع پر پورے جزیرہ ہوائی میں عوام نے مظاہرے کئے اور امریکا سے آزادی کا مطالبہ کیا ۔