فلسطینی بچوں پر صیہونیوں کے مظالم پر اقوام متحدہ کی تشویش
اقوام متحدہ نے فلسطینی بچوں کےخلاف صیہونی حکومت کے تشدد آمیز اقدامات میں اضافے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیاہے-
اقوام متحدہ کے ترجمان فرحان حق نے فلسطینی بچوں کے خلاف صیہونی حکومت کے تشدد میں اضافے کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ فلسطینی بچوں کےخلاف صیہونی حکومت کے مظالم اور تشدد کی، اقوام متحدہ سنجیدگی کے ساتھ تحقیقات کرے گا-
اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہاکہ یہ عالمی ادارہ پندرہ سالہ فلسطینی نوجوان محمود بدران کی شہادت کی بھی تحقیقات کرے گا جس کے بارے میں اسرائیلی فوجیوں کا دعوی ہے کہ غلطی سے اس کو گولی ماردی تھی-
اقوام متحدہ کے ترجمان نے غرب اردن کے شمالی علاقوں منجملہ نابلس، سلفیت اور طولکرم میں فلسطینیوں کے لئے پانی کی سپلائی بند کرد یئے جانے کے صیہونی حکومت کے اقدام کے بارے میں کہا کہ فلسطینی وفدنے اس سلسلے میں سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کے نام شکایت ارسال کی ہے اور فلسطین میں اقوام متحدہ کا نمائندہ اس مسئلہ کا بغور جائزہ لےگا -
-واضح رہے کہ صیہونی حکومت کے واٹربورڈ نے غرب اردن کے فلسطینی نشین علاقوں کے لئے پینے کے پانی کی سپلائی پچاس فیصد کم کردی ہے جس کی وجہ سے موسم گرما اور خاص طورپر ماہ مبارک رمضان میں فلسطینیوں کو پانی کی شدید قلت اور سخت مشکلات کا سامنا ہے -