امریکہ بھر میں پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم
امریکہ کے اہم شہروں میں پولیس کو پوری طرح سے چوکس رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
پریس ٹی وی کے مطابق امریکی ریاست لوئیزیانا کے صدر مقام بیٹن روژ میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں تین پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد امریکہ کے تمام اہم شہروں میں پولیس کو تااطلاع ثانوی ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
امریکہ کے سب سے بڑے شہر نیویارک کے محکمہ پولیس کے مطابق کسی بھی پولیس اہلکار کو انفرادی طور پر کوئی مشن انجام دینے کی اجازت نہیں ہے۔ نیویارک پولیس کو جاری کیے گئے احکامات کے تحت کوئی بھی مشن گروپ کی صورت میں یا کم سے کم دو اہلکاروں کی موجودگی میں انجام دیا جاسکتا ہے۔
شکاگو اور بوسٹن جیسے شہروں نیزریاست میساچوسٹس کی پولیس نے بھی انفرادی مشن کی انجام دہی پر پابندی لگا دی ہے۔
لاس اینجلس سٹی میں پولیس اہلکاروں کے انفرادی مشن پر پابندی عائد کرنے کے علاوہ شہر بھرمیں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیئے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ لوئیزیانا کے صدر مقام بیٹن روژ میں فائرنگ کرکے تین پولیس افسران کو ہلاک اور چار دیگر کو زخمی کرنے والا شخص، امریکی فوج کا سابق اہلکار تھا۔
تقریبادو ہفتے قبل بھی ایک مسلح شخص نے ڈیلس سٹی میں فائرنگ کرکے پانچ امریکی پولیس اہلکاروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔