Aug ۰۵, ۲۰۲۵ ۲۰:۱۰ Asia/Tehran
  • عارف: امریکا اس نتیجے پر کبھی نہیں پہنچا کہ ایران ایٹمی توانائی سے غیر پر امن استفادہ کرنا چاہتا ہے

ایران کے سینیئر نائب صدر نے کہا ہے کہ ہم سبھی بین الاقوامی قوانین کے پابند ہیں اور امریکا اس نتیجے پر ہرگز نہیں پہنچا کہ ایران ایٹمی توانائی کے غیر پر امن استفادہ کی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔

سحرنیوز/ایران:   سینيئر نائب صدر محمد رضا عارف نے ترکمنستان میں خشکی سے گھرے ترقی پذیر ملکوں کی کانفرنس کے موقع پر، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی فوجی جارحیت کے تعلق  سے گفتگو کی۔

 انھوں نے کہا کہ ہم سبھی بین الاقوامی قوانین اور اصول وضوابط کے پابند ہیں اور امریکا ہرگز اس نتیجے پر نہیں پہنچا کہ ایران ایٹمی توانائی کے غیر پر امن استفادہ کی سرگرمیوں ميں مصروف ہے، اس کے باوجود اس نے ایران کے خلاف حالیہ جارحیت میں غاصب صیہونی حکومت کا ساتھ دیا۔  

 محمد رضا عارف نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے صرف انسانی مسائل کی بنیاد پر جنگ بندی قبول کی ہے۔

 انھوں نے کہا کہ ہمیں مسلسل جنگ کی دھمکی دی جارہی ہے لیکن ایران ایک متمدن اور امن پسند ملک ہے جس نے کبھی بھی جنگ شروع نہیں کی ۔

 ایران کے سینیئر نائب صدر نے کہا کہ ہمیں اس بات کی تشویش ہے کہ  دوسرے ملکوں پر جارحیت معمول بن کر، علاقے کے ثبات و استحکام کو درہم برہم کرسکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ نے شروع سے مناسب اقدام انجام دیتا توآج ہم فلسطین اور غزہ میں یہ المناک واقعات نہ دیکھتے۔

 اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترش نے اس ملاقات میں، ایرانیوں کی تاریخ اور تمدن کو قابل تعریف بتایا اور عالمی تمدن پر ایرانی تہذیب کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزینان کی حیثیت سے پناہ گزینوں کے امور میں اسلامی جمہوریہ ایران کے بہت اچھے تعاون کا مشاہدہ کیا ہے۔

 انتونیو گوترش نے کہا کہ ایران کے خلاف اسرائیل اور امریکا کے حملے غیر قانونی اور بین الاقوامی اصول وضوابط کے منافی تھے ۔

انھوں ںے جنگ بندی جاری رہنے اور بین الاقوامی قوانین اور اصول وضوابط کی پابندی کی ضرورت پر زور دیا۔

  یو این سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ایران کے ایٹمی پروگرام کا مسئلہ  سفارتی طریقے سے حل ہونا چاہئے اور اقوام متحدہ اس سلسلے میں بھر پور تعاون کے لئے آمادہ ہے۔

ٹیگس