حزب اللہ کے غیر مسلح ہونے سے لبنان کے خلاف جارحیت بند نہیں ہوگی؛ شیخ نعیم قاسم
حزب اللہ کے سربراہ شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ امریکا حزب اللہ، لبنان اور لبنانی عوام کو کمزور کرنے کےلئے کوشاں ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: حزب اللہ لبنان کے سربراہ شیخ نعیم قاسم نے، پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کی فلسطین شاخ کے کمانڈر، شہید جنرل محمد سعید ایزدی کے چالیسویں کی مجلس سے خطاب میں کہا ہے کہ حزب اللہ کے غیر مسلح ہونے سے لبنان کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت بند نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن لبنان پر حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کی شرط مسلط کرکے، اسرائیلی مفاد میں کام کررہا ہے۔ شیخ نعیم قاسم نے لبنان کی سیکورٹی اور اس کے قومی اقتداراعلی کے تحفظ میں مزاحمت کے کلیدی کردار پر زور دیا اور حزب اللہ کو کمزور کرنے کے لئے بعض فریقوں کی کوششوں کی جانب سے خبردار کیا۔
انہوں نے اسرائیلی پروجکٹ کے لئے کام کرنے والے اندرونی اور بیرونی فتنہ پرور عناصر کی طرف سے ہوشیار رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک شہیدوں کے خون اور ان کی فداکاریوں کے نتیجے میں استوار ہے اور ہم کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ اپنا ارادہ ہم پر مسلط کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لبنان ملک کی جنوبی اور مشرقی سرحدوں کی حفاظت کی ذمہ داری قبول کرے اور دنیا والوں تک یہ پیغام پہنچا دے۔