امریکی پابندیوں کی مذمت میں ناوابستہ تحریک کا بیان
ناوابستہ تحریک کے رکن ایک سو بیس ملکوں نے ونیزوئلا کے خلاف امریکی پابندیوں کی مذمت کی ہے ۔
ونیزوئلا کے جزیرہ مارگریٹا سے ہمارے نمائندے کی رپوٹ کے مطابق دنیا کے ایک سو بیس غیر جانبدارملکوں کی تنظیم ناوابستہ تحریک نے منگل کو ایک بیان جاری کرکے ونیزئلا کے خلاف امریکا کی نئی پابندیوں کی مذمت کی ہے ۔
ناوابستہ تحریک نے اعلان کیا ہے کہ امریکا نے ونیزوئلا پر یہ پابندیاں اس ملک کے اقتدار اعلی، سیاسی خودمختاری اور عوام کے حق خود ارادیت کو کمزور کرنے کے لئے لگائی ہیں ۔
ناوابستہ تحریک نے اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ ونیزوئلا کے خلاف امریکا کی یہ پابندیاں بین الاقوامی قوانین ، اقوام متحدہ کے منشور، اور حکومتوں کے باہمی روابط کے بارے میں بنیادی بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہیں ۔
ناوابستہ تحریک کے رکن ملکوں نے اپنے اس بیان میں ونیزوئلاکی حکومت اور عوام کے ساتھ یک جہتی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن اپنے ان اقدامات کے ذریعے کاراکاس کے داخلی امور میں مداخلت کررہا ہے ۔
یاد رہے کہ امریکی حکومت نے گزشتہ ہفتے ونیزوئلا کے موجودہ اور سابق حکام پر مبینہ بدعنوانی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے الزامات لگاتے ہوئے بعض پابندیوں کا اعلان کیا ہے ۔
حکومت ونیزوئلا نے امریکی دعووں کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ یہ پابندیاں سیاسی محرکات کے تحت لگائی گئی ہیں اور واشنگٹن اس ملک میں عوام کی منتخب حکومت کا تختہ پلٹنا چاہتا ہے ۔
یاد رہے کہ ونیزوئلا کے جزیرہ مارگریٹا میں منگل کو ناوابستہ تحریک کے ماہرین کا اجلاس شروع ہوگیا ہے جو بدھ چودہ ستمبر تک جاری رہے گا۔ پندرہ اور سولہ ستمبر کو وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوگآ اور سترہ اور اٹھارہ ستمبر کو ناوابستہ تحریک کے رکن ملکوں کا سربراہی اجلاس ہوگا۔