Oct ۰۷, ۲۰۱۶ ۱۶:۵۸ Asia/Tehran
  • شامی فوج پر حملہ روسی فوجیوں پر حملہ تصور ہوگا: روسی وزارت دفاع

روس نے شامی فوج کے خلاف امریکی اتحاد کے مکمنہ حملوں کے منفی نتائج کی بابت سخت خبر دار کیا ہے۔

روسی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کناشنکوف نے امریکی اتحاد کو شامی فوج کے خلاف حملوں کی بابت خبردار کرتے ہوئے کہاہے کہ روس  شام میں اپنے فوجیوں کی حفاظت کے لیے لازمی تدابیر اختیار کر رہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ شامی فوج کے خلاف ہر حملے کو روسی فوج کے لیے خطرہ تصور کیا جائے گا۔

روس کی وزارت دفاع کے ترجمان نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو نے اپنے فوجیوں کی حفاظت کے لیے شام میں جدید ترین مزائل ڈیفنس سسٹم نصب کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاذقیہ کے نواحی علاقے میں ایس تھری ہنڈریڈ اور ساحلی شہر طرطوس میں ایس فور ہنڈریڈ سسٹم نصب ہے جو کسی بھی قسم کی فضائی کارروائی کے خلاف فوری عمل کرے گا۔

روس کی جانب سے یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب واشنگٹن میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ امریکہ ، شامی فضائیہ کو ناکارہ بنانے کے لیے فضائی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔