شاہ بحرین کے دورہ لندن کے خلاف مظاہرہ
انسانی حقوق کے کارکنوں اور برطانیہ میں مقیم بحرینی شہریوں نے شاہ بحرین حمد بن عیسی آل خلیفہ کے دورہ لندن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیاہے-
لندن میں شاہ بحرین کے دورے کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں نے آل خلیفہ حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے ان کے دورہ برطانیہ اور وزیراعظم تھریسا مئے سے ان کی ملاقات پر شدید احتجاج کیا - مظاہرے کے شرکا نے بحرینی عوام پر آل خلیفہ حکومت کی تشدد آمیزکارروائیوں اور ظالمانہ اقدامات کو فوری طور پر بند کئے جانے کا مطالبہ کیا -
مظاہرے کے شرکا نے برطانوی وزیراعظم تھریسا مئے سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بحرین کی شاہی حکومت کے لئے اپنی سیاسی حمایت اور اس کے لئے برطانوی ہتھیاروں کی فروخت بند کردیں - یہ مظاہرہ اس وقت کیا گیا جب شاہ بحرین ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ میں برطانوی وزیراعظم سے ملاقات کررہے تھے -
مظاہرے میں شریک بعض لوگوں نے اس وقت شاہ بحرین کی گاڑی کے قریب پہنچ کرگاڑی کو روکنے کی کوشش کی جب وہ برطانوی وزیراعظم سے ملاقات کرکے ٹین ڈاؤنننگ اسٹریٹ سے نکل رہے تھے البتہ لندن کی پولیس نے مظاہرین کی اس کوشش کو ناکام بنادیا - پولیس نے اس موقع پر دو مظاہرین کو گرفتار بھی کرلیا -
بحرین کے بادشاہ کا دورہ لندن ایک ایسےوقت انجام پایا ہے جب برطانوی ذرائع ابلاغ نے اس دورے کے بارے میں بالکل خاموشی اختیار کررکھی ہے اور ایسا لگتاہےکہ برطانوی ذرائع ابلاغ کو اس دورے کے بارے میں خبریں نہ دینے کی ہدایات دی گئی ہیں تاکہ ایک ایسے ملک کے ڈکٹیٹر کی میزبانی کرنے پر جہاں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہورہی ہے برطانوی حکومت کوتنقیدوں کا سامنا نہ کرنا پڑے -