ماسکو میں ایران روس اور شام کا سہ فریقی اجلاس
روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ شام کے حالات اور دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کی ضرورت، ماسکو میں ایران روس اور شام کے وزرائے خارجہ کے مذاکرات کا محور ہو گی۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ایران، روس اور شام کے وزرائے خارجہ محمد جواد ظریف، سرگئی لاوروف اور ولید المعلم جمعہ کے روز ماسکو میں شام کے حالات اور مسائل کا جائزہ لیں گے۔
انھوں نے کہا کہ ماسکو اجلاس میں جنگ بندی کے حالات پیدا کرنے، شامی عوام کی مشکلات و مسائل کےخاتمے، انسانی مسائل کے حل اور بحران شام کے سیاسی حل کا عمل شروع کرنے کا جائزہ لیا جائے گا۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ تینوں ملکوں کے وزرائے خارجہ اسی طرح دہشت گرد گروہ داعش کا مؤثر مقابلہ کرنے کی ضرورت کے پیش نظرعراق کے سیاسی حالات کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کریں گے۔