تیس لاکھ غیر قانونی تارکین وطن کو امریکہ بدر کردوں گا: ٹرمپ
نومنتخب امریکی صدر نے تیس لاکھ غیر قانونی تارکین وطن کو امریکہ سے نکالنے کا اعلان کردیا ہے۔
سی بی ایس ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر غیر قانونی مہاجرین کو امریکا سے نکل جانے پر زور دیا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ امریکہ کی صدارت سنبھالتے ہی تیس لاکھ مہاجرین کو ملک بدر کردیں گے یا انھیں قید کرلیا جائے گا۔
نومنتخب صدر نے کہا کہ ایسے افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو مجرم ہیں اور ان کے جرائم کا ریکارڈ موجود ہے اور یہ تعداد بقول ان کے بیس سے تیس لاکھ کے قریب ہوسکتی ہے۔انہوں نے ایک بار پھر امریکہ اور میکسیکو کی سرحد دیوار کھڑی کرنے کا عزم ظاہر کیا تاہم کہا کہ پوری سرحد پر دیوار کھڑی نہیں کی جاسکتی بلکہ بعض حصوں پر ہوسکتا ہے کہ خار دار تاریں نصب کرنا پڑیں۔
یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ انھوں نے اس قسم کے موقف کا اظہار کیا۔وہ اس سے پہلے بھی تارکین وطن کو ملک سے نکالنے کے حوالے سے بیانات دیتے رہے ہیں۔اکثر تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ نومنتخب امریکی صدر کئی معاملات میں اپنے موقف کو نرم کرچکے ہیں اور اس معاملے پر بھی ان کا موقف نرم ہونے کی توقع ہے۔