Nov ۲۱, ۲۰۱۶ ۱۴:۵۱ Asia/Tehran
  • تعلیمی بجٹ میں کمی کے خلاف برطانوی طلبہ اور اساتذہ کا مظاہرہ

برطانیہ کی یونیورسٹیوں کے اساتذہ اور طلبہ نے حکومت کی نئی تعلیمی پالیسی کے خلاف مظاہرے کیے ہیں۔

مظاہرے میں شریک اساتذہ اور طلبہ نے حکومت کی معاشی کفایت شعاری کی پالیسی اور تعلیمی بجٹ میں مزید کمی کے خلاف نعرے لگائے اور اسے ناقابل برداشت قرار دیا۔ مظاہرے کے شرکا حکومت برطانیہ سے مطالبہ کر رہے تھے کہ وہ اعلی تعلیم کا بجٹ کم کرنے کے بجائے ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری کے لیے مختص کیے گئے بجٹ میں کمی کرے۔

مظاہرین نے حکومت برطانیہ کی جانب سے یونیورسٹیوں کی فیسوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس کے نتیجے میں کم آمدنی والے خاندانوں کے مالی بوجھ میں اضافہ ہو گا اور بہت سے نوجوان اعلی تعلیم سے محروم ہو جائیں گے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ طلبہ سے بقایاجات کی وصولی کا کام، وصولیابی کے لیے قائم کمپنیوں کے حوالے کرنا انتہائی شرمناک ہے اور اسے فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔
حکومت برطانیہ نے معاشی کفایت شعاری کی پالیسی کے تحت، صحت عامہ، اعلی تعلیم اور فلاحی کاموں کے لیے مختص بجٹ میں زبردست کمی ایسے وقت میں کی ہے جب، ایٹمی میزائلوں سے لیس، ایٹمی آبدوزوں کی جدید کاری کے منصوبے کے لیے کئی گنا زیادہ رقم مختص کی گئی ہے۔

ٹیگس