ہندوستان کے صدر سے دلائی لامہ کی ملاقات پر چین سیخ پا
چین نے بدھ رہنما دلائی لامہ سے ہندوستان کے صدر پرنب مکھرجی کی ملاقات پر احتجاج کیا ہے۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان جنگ شوانگ نے سنیچر کو بیجنگ میں ایک پریس کانفرنس میں تاکید کے ساتھ کہا کہ تبت کے جلا وطن رہنما دلائی لامہ کے دورہ نئی دہلی اور اس دورے میں ان کی ہندوستان کے صدر پرنب مکھر جی سے ملاقات سے دونوں ملکوں کے تعلقات پر منفی اثرات مرتب ہوں گے- دلائی لاما نے ابھی حال ہی میں نئی دہلی میں ہندوستان کے صدر پرنب مکھرجی سے ملاقات اور بات چیت کی- چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ بیجنگ، دلائی لامہ سے دوسرے ممالک کے سربراہوں کے کسی بھی قسم کے رابطے کا مخالف ہے- جنگ شوانگ نے ہندوستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چین کی اصلی مصلحتوں اور اہم تشویشوں کا احترام کرے تاکہ بیجنگ اور نئی دہلی کے تعلقات کو نقصان نہ پہنچے- دلائی لامہ نے اگست کے مہینے میں بھی یورپی پارلیمنٹ کے صدر ماٹین شولٹز سے ملاقات اور گفتگو کی تھی جس پر چین سیخ پا ہو گیا تھا- چین، دلائی لامہ کو ایک علیحدگی پسند لیڈر سمجھتا ہے-