ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کے بائیکاٹ کا اعلان
امریکی کانگریس کے بعض ارکان نے نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔
پریس ٹی وی کے مطابق، کانگریس کے آٹھ ارکان نے اعلان کیا ہے کہ وہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کریں گے۔ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کا بائیکاٹ کرنے والے آٹھوں ارکان کانگریس کا تعلق ڈیموکریٹ پارٹی سے بتایا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کا بائیکاٹ کرنے والوں میں ایوان نمائندگان کے معروف رکن، جان لوئیس بھی شامل ہیں۔
بائیکاٹ کرنے والے ارکان کانگریس کا کہنا ہے کہ ان کی عدم شرکت، امریکہ کے آئندہ صدر کے خلاف سیاسی احتجاج کی علامت ہے۔ امریکہ کے نو منتخب صدر بیس جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھانے والے ہیں۔ نومنتخب امریکی صدر ایسے وقت میں اپنے عہدے کاحلف اٹھائیں گے جب امریکہ کو اندرونی اور بیرونی سطح پر لاتعداد چیلنجوں اور مشکلات کا سامنا ہے۔