Sep ۲۴, ۲۰۲۵ ۰۹:۰۴ Asia/Tehran
  • پاکستان: صوبۂ سندھ میں 28 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات، ووٹنگ جاری

کراچی کے 3 اضلاع سمیت صوبۂ سندھ کے 14 اضلاع کی 28 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق سندھ کے الیکشن کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ پورے صوبے میں پولنگ کا آغاز مقررہ وقت پر ہوا تھا اور پولنگ شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔ رائے دہی کا آغاز صبح 8 بجے ہوا تھا۔

اطلاعات کے مطابق کراچی، حیدرآباد، دادو، جامشورو، مٹیاری، سکھر، گھوٹکی، خیرپور، میرپورخاص، عمرکوٹ، بدین اور ٹھٹھہ میں پولنگ جاری ہے۔

سندھ کے انتخابی کمیشن کے ترجمان نے کہا کہ رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 2 لاکھ 43 ہزار 187 ہے، جن میں ایک لاکھ 33 ہزار 38 مرد اور ایک لاکھ 10 ہزار 154 خواتین شامل ہیں۔

الیکشن کمشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام اضلاع میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام بلا خوف و خطر پولنگ اسٹیشن پہنچ کر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں،  انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ میں مانیٹرنگ کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے، کنٹرول روم انتخابات کے مراحل کی نگرانی اور نتائج کی وصولی تک فعال رہے گا، حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں میں سیکورٹی انتظامات کو مؤثر بنایا گیا ہے۔

 

ٹیگس