Feb ۱۰, ۲۰۱۷ ۱۱:۵۲ Asia/Tehran
  • امریکا: ٹرمپ کو ایک اور شکست اپیل مسترد

امریکا کی اپیلیٹ کورٹ نے ٹرمپ حکومت کی اپیل مسترد کردی

امریکا کی اپیلیٹ کورٹ نے  7 مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکامیں داخلے پر پابندی لگانے کے صدارتی حکم نامے پر عمل معطل رکھنے کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔

29 صفحات پر مشتمل اس فیصلے میں امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے نظرثانی کی اس درخواست کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ سات مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی کا صدارتی حکم نامہ امریکہ کے تحفظ کےلیے ضروری ہے اور یہ کہ مذکورہ صدارتی حکم نامے پر عمل درآمد روکنے کا فیڈرل کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا جائے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدارتی وکیل ایسے ٹھوس شواہد پیش کرنے میں ناکام رہے جن سے یہ ثابت ہوتا ہو کہ صدارتی حکم نامے کے تحت سفری پابندیوں کی زد میں آنے والے سات ممالک یعنی ایران، عراق، لیبیا، صومالیہ، سوڈان، شام اور یمن کے شہریوں نے ماضی میں امریکہ آکر دہشت گردی کی ہو۔

اپیل کورٹ میں شکست کے فوراً بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے غصے کے عالم میں ٹویٹ کیا: ’’کورٹ میں دیکھ لوں گا، ہماری قوم کا تحفظ داؤ پر لگا ہے۔‘‘

جبکہ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے اپیل کورٹ کے فیصلے کو ’’سیاسی فیصلہ‘‘ قرار دیا اور بتایا کہ اب وہ اپنا مقدمہ امریکی سپریم کورٹ میں لے کرجائیں گے۔

اس درمیان امریکی صدر کا مواخذہ کئے جانے کے بارے میں انٹرنیٹ پر آنے والی آن لائن کمپیئن میں درخواستوں کی تعداد آٹھ لاکھ تک پہنچ گئی ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے - صدر ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی آن لائن تحریک چلانے والوں نے ایک ویب سائٹ تیار کی ہے جس کا نام ہے اب ٹرمپ کا مواخذہ کرو - اس ویب سائٹ پر ٹرمپ کے مواخذے کی دراخواستیں ڈالی جارہی ہیں- یہ آن لائن کمپیئن بیس جنوری کو ہی شروع ہوگئی تھی جس دن ٹرمپ نے عہدہ صدارت کا حلف اٹھایا تھا ۔

 

ٹیگس