Jul ۲۶, ۲۰۲۵ ۱۸:۴۶ Asia/Tehran
  • غزہ کے لئے ایران کی سفارتی کوششیں عروج پر ، مختلف وزرائے خارجہ سے گفتگو

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے غزہ کے مظلوم عوام کو فاقہ کشی اور نسل کشی سے بچانے کے لئے اسلامی دنیا کے ہم آہنگ اقدام کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے علاقائی ملکوں کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ٹیلیفون پر غزہ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا اور اسلامی دنیا کے بلاتاخیر ہم آہنگ اقدام کی ضرورت پر زور دیا۔

وزير خارجہ سید عباس عراقچی نے غزہ کے بارے میں اپنے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان کے ساتھ بھی ٹیلیفون پر تبادلہ خیال کیا اس ٹیلیفونی گفتگو میں دونوں وزرائے خارجہ نے مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف جرائم بند کرانے اور غزہ کے مظلوم عوام تک امداد پہنچانے کے لئے، علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں منجملہ او آئی سی کے پلیٹ فارم سے، فوری طور پر عملی اقدام کی ضرورت پر زور دیا۔

 ایران کے وزير خارجہ سید عباس عراقچی نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں کہا کہ موجودہ حالات میں اسلامی تعاون کی تنظیم او آئی سی سمیت سبھی بین الاقوامی اداروں کو غزہ کا محاصرہ توڑ کر فوری طور پر مظلوم فلسطینی عوام تک امداد پہنچانے کی ضرورت ہے۔ 

 سید عباس عراقچی نے اپنے قطر ی ہم منصب کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو می غزہ میں مظلوم فلسطینی عوام کی نسل کشی بند کرانے اور مظلوم فلسطینی عوام کو فاقہ کشی اور بھکمری سے بچانے کے لئے اسلامی اور عرب دنیا نیز عالمی برادری کے فوری اقدام کی ضرورت پر زور دیا۔ 

انھوں نے اسی کے ساتھ اسلامی تعاون کی تنظیم او آئی اسی کے ہنگامی اجلاس کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ عالمی برادری کو غاصب صیہونیوں کو ان کے جرائم پر کوئی سزا نہ دینے کا سلسلہ بند کرنا چاہئے۔ وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ غاصب صیہونی حکام پر ان کے جنگی اور انسانیت کے خلاف جرائم پر مقدمہ چلایا جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دلائی جائے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے غزہ کے بارے میں اپنے عراقی ہم منصب کے ساتھ ٹیلیفون پر تبادلہ خیال کیا۔ عراق کے وزیر خارجہ نے بھی اس ٹیلیفونی گفتگو میں غزہ میں صیہونیوں کے جرائم بند کرانے اور مظلوم فلسطینی عوام کو موجودہ المناک صورتحال سے نجات دلانے میں ہر طرح کے تعاون کے لئے اپنے ملک کی آمادگی کا اعلان کیا۔

 وزير خارجہ سید عباس عراقچی نے اسی طرح اپنے مصری ہم منصب کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں غزہ کے نہتے عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کی سخت مذمت کی ۔

 انھوں نے غزہ کے عوام پر فاقہ کشی اور بھکمری مسلط کرنے پر مبنی وحشیانہ صیہونی اقدام اور مظلوم فلسطینی عوام کی نسل کشی روکنے کے لئے، اسلامی ملکوں کے ہم آہنگ اقدام کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے غرب اردن کے الحاق کے منصوبے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت فلسطین کو دنیا کے نقشے سے مٹادینے کے منصوبے پر کام کررہی ہے جس کو ناکام بنانے کے لئے اسلامی ملکوں کے ٹھوس اور متحدہ ردعمل کی ضرورت ہے۔ 


 

ٹیگس