امریکہ میں طیارہ گرکرتباہ، چارافراد ہلاک
Feb ۲۸, ۲۰۱۷ ۱۱:۵۰ Asia/Tehran
امریکی ریاست کیلیفورنیا میں چھوٹا مسافر بردار طیارہ آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک جب کہ تین زخمی ہوئے۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ریاست کیلی فورنیا میں سیسنا 310 طیارے نے ریورسائیڈ سے اُڑان بھری تھی اور یہ سان ہوزے جارہا تھا لیکن راستے میں خرابی کی وجہ سے آبادی پر گرگیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں 5 افراد سوار تھے جن میں سے صرف ایک خاتون ہی کو زندہ بچایا جاسکا جبکہ باقی چار افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
طیارے کے گھروں پر گرنے کی وجہ سے مزید دو افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا جاچکا ہے۔
گھروں پر گرنے کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ میں نے ایک دھماکہ سنا جس کے بعد منظر دھوئیں کے بادلوں سے ڈھک گیا۔
حکام کے مطابق حادثے کے بارے میں تفتیش کی جارہی ہے کہ کس وجہ سے طیارہ تباہ ہوا۔