روسی کمپنیوں کے خلاف امریکی پابندیوں پر ماسکو کا ردعمل
روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ روسی کمپنیوں کے خلاف پابندیاں لگانے سے امریکہ کا کوئی مقصد پورا نہیں ہو گا۔
روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ روسی کمپنیوں کے خلاف امریکی پابندیوں سے ماسکو کے لئے کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہو گا، کہا ہے کہ امریکہ نے ان پابندیوں کے نفاذ کے بارے میں کوئی منطقی وجہ نہیں بتائی ہے۔
روس کے دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ روسی کمپنیوں کے خلاف امریکہ کی پابندیاں، شام میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بارے میں واشنگٹن کی معین کردہ ترجیحات کے منافی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ امریکہ کے اس قسم کے اقدامات سے ایسے دہشت گرد گروہوں کا مقابلہ کرنے کے لئے کہ جن کی سرگرمیوں سے یورپ و امریکہ کی سلامتی کے لئے خطرہ پیدا ہوتا جا رہا ہے، بین الاقوامی تعاون پر سوالیہ نشان لگ جاتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے ہفتے کے روز ایران، شمالی کوریا اور شام سے متعلق روس کی آٹھ کمپنیوں کے خلاف امریکی پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پابندیاں ان اقتصادی پابندیوں کے علاوہ ہیں جو مشرقی یوکرین میں جھڑپوں اور کریمیا کے روس سے الحاق کے بارے میں ماسکو کے خلاف لگائی گئی ہیں۔