جاپان میں امریکی فوجی اڈوں کے خلاف مظاہرہ
جاپان کے عوام نے ایک بار پھر اپنے ملک میں قائم امریکی فوجی اڈوں کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔
سیکڑوں کی تعداد میں جاپانی شہری جزیرہ اوکیناوا کی سڑکوں پر آئے اورانہوں نے اپنے ملک میں قائم امریکی فوجی اڈوں کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔
مظاہرے میں شریک لوگوں نے حکومت امریکہ سے مطالبہ کیا کہ وہ جاپان میں اپنے فوجی اڈے فوری طور پر ختم کردے۔
قابل ذکر ہے کہ امریکہ طے شدہ پروگرام کے تحت، فوتنما فوجی اڈے کو جنوبی اوکیناوا کے کم آبادی والے علاقے ناگو میں منتقل کرنا چاہتا ہے۔
امریکہ کے اس اقدام کا مقصد اوکیناوا کے عوام کے غم و غصے کو ٹھنڈا کرنا ہے جو امرکی فوجیوں کی غیر اخلاقی حرکات کی وجہ سے فوتنما فوجی اڈے کے مکمل خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
مظاہرین نے وزیر اعظم شنزو ابے پر بھی کڑی نکتہ چینی کی جنہوں نے امریکی فوجی اڈے کے خاتمے کے بجائے اس کی منتقلی کی اجازت دے دی ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ امریکی فوجی اڈوں کے مکمل خاتمے تک اجتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔