Apr ۲۱, ۲۰۱۷ ۰۹:۳۱ Asia/Tehran
  • فرانس، فائرنگ میں دو ہلاک، داعش نے ذمہ داری قبول کرلی

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں شانلیزے پر 2 نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس افسرموقع پر ہی ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا، جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا ۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس میں صدارتی انتخابات سے ایک روز قبل ہونے والی فائرنگ میں ایک پولیس اہلکار کی موت جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے ۔ اس حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ اس واقعہ میں دو حملہ آور شامل تھے جن میں سے ایک کو مار دیا گیا ہے۔ فائرنگ کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جس کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ مارچ 2017 کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں واقع اورلی ایئرپورٹ پر فوجی اہلکار سے گن چھیننے کی کوشش کرنے والے شخص کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا تھا۔ اس سے قبل 3 فروری کو پیرس میں قائم دنیا کے سب سے بڑے عجائب گھر لووَر میں بریف کیس اور خنجر لے کر داخل ہونے کی کوشش کرنے والے دو مبینہ حملہ آور کو گولیاں مار کر زخمی کردیا گیا تھا۔

گزشتہ دو سال کے دوران فرانس کے 200 سے زائد شہری شدت پسند تنظیم داعش کے ہاتھوں مختلف واقعات میں ہلاک ہوچکے ہیں۔

ٹیگس