ٹرمپ، شمالی کوریا کے رہنما سے ملنے کو تیار
واشنگٹن پیانگ یانگ کشیدگی کے درمیان امریکی صدر نے کہا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے رہنما سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔
امریکی جریدے بلومبرگ کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ، اگر شمالی کوریا کے رہنما کے ساتھ میری ملاقات، صحیح اقدام تصور کیا جائے، تو مجھے ایسا کرکے خوشی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اگر اس ملاقات کے لیے ماحول سازگار ہوجائے تو میں کم جونگ اون سے ضرور ملاقات کروں گا۔
امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جزیرہ نمائے کوریا میں امریکہ کی فوجی نقل و حرکت اور شمالی کوریا کے میزائل تجربات کے تناظر میں دونوں ممالک ایک دوسرے کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے چلے آرہے ہیں۔
دوسری جانب سابق امریکی صدر براک اوباما کی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ کی کوئی واضح پالیسی نہیں ہے۔
انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مشورہ دیا کہ وہ شمالی کوریا کے خلاف مزید اقتصادی پابندیاں عائد کریں۔