حسن روحانی کو مودی اور نواز شریف کی مبارکباد
ہندوستان اور پاکستان کے وزراء اعظم نے ڈاکٹر حسن روحانی کو ایران کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
پاکستان کےوزیراعظم نواز شریف نے ڈاکٹرحسن روحانی کو دوسری بار ایران کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت میں ایران نے تمام ملکی اورعالمی سطح پرقابل ذکرکامیابیاں حاصل کیں جب کہ دوبارہ منتخب ہونا آپ کی قیادت پر ایرانی عوام کے اعتماد کا اظہار ہے۔ پاکستان کےوزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات تاریخ اور ثقافت سے بندھے ہوئے ہیں پاکستان، ایران کے ساتھ مضبوط معاشی و تجارتی پارٹنرشپ کا خواہاں ہے۔ پاکستانی وزیراعظم نے ایرانی صدر کے ساتھ مل کر خطے میں امن و استحکام کے لیے کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے بھی ایران کے صدر حسن روحانی کو دوبارہ اس عہدے پر منتخب ہونے کے لئے مبارک باد پیش کی ہے۔ نریندرمودی نے ڈاکٹر حسن روحانی کو ایک مرتبہ پھر صدرمنتخب ہونے پرنیک خواہشات پیش کی ہیں اور کہا ہے کہ صدر حسن روحانی کی قیادت میں ایران نئی بلندیوں کو چھونا جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ جمعہ 19 مئی کے بارہویں صدارتی انتخابات میں دو کروڑ، پینتیس لاکھ، انچاس ہزار، چھے سو سولہ ووٹ حاصل کر کے ڈاکٹرحسن روحانی ایک بار پھر ایران کے صدر منتخب ہو گئے۔