متنازعہ علاقوں سے ہندوستانی فوجیوں کے فوری انخلا کا مطالبہ
چین نے ہندوستان کو سخت انتباہ دیتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان متنازعہ علاقوں سے ہندوستانی فوجیوں کے فوری طور پر نکلنے کا مطالبہ کیا ہے-
چینی نیوز ایجنسی شین ہوا کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہا چون اینگ نے بیجنگ میں کہا کہ چین کے ساتھ متنازعہ سرحدوں پر ہندوستانی فوجیوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کی وجہ سے دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تصادم ہو سکتا ہے-
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ہندوستانی فوجی سکّیم سے چین کی سرحدوں میں داخل ہوئے ہیں اس لئے ہندوستان جلد سے جلد اپنے فوجی وہاں سے باہر نکالے-
اس سے قبل ہندوستان میں سرکاری ذرائع نے چینی فوجیوں کے ہندوستانی سرحدوں میں داخل ہونے کی اطلاع دی تھی-
اس ذریعے کے مطابق چینی فوجیوں نے سکّیم کے 'دوکالا' کے علاقے میں داخل ہونے کے بعد ہندوستانی فوج کے دو بنکروں کو تباہ کر دیا-
اس رپورٹ کے مطابق چینی فوجیوں کے ہندوستانی سرحدوں میں داخل ہونے کے باعث ہندوستانی فوجیوں سے ان کی جھڑپ ہوئی تھی تاہم اس جھڑپ میں کسی ممکنہ جانی نقصان کی کوئی خبر سامنے نہیں آئی-
ہندوستان اور چین نے ایک دوسرے کے ساتھ فوجی تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں- اس سمجھوتے کا مقصد دونوں ملکوں کی سرحدی پٹی پر جھڑپ کو روکنا ہے-