Oct ۱۸, ۲۰۱۷ ۱۱:۴۶ Asia/Tehran
  • جوہری معاہدہ، ہتھیاروں کی دوڑ کو روکنے کا باعث

فیڈریکا موگرینی کا کہنا تھا کہ جوہری معاہدے سے ہمیں بڑی کامیابی ملی اوراس کے ذریعے ہتھیاروں کی دوڑ کو روکا گیا.

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے گزشتہ روز جرمنی کے شہرمیگدبرگ میں بین الاقوامی تقریب میں ایک بار پھرعالمی امن و سلامتی کے لئے ایران جوہری معاہدے کی اہمیت اور اس کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جوہری معاہدے کے ذریعے ہمیں اور ایرانی قوم کو فتح حاصل ہوئی ہے.

انہوں نے کہا کہ ایران جوہری معاہدے کا تحفظ ہماری سلامتی اور عالمی امن سے متعلق مفادات کے لئے ناگزیر ہے.

خاتون یورپی رہنما نے مزید کہا کہ دو سال پہلے تمام فریقین نے دو طرفہ جیت کی بنیادوں پر مبنی نظریے سے دنیا کے سب سے پیچیدہ اور دشوار مسئلے کو باہمی طور پربات چیت کے ذریعے حل کیا.

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے عرصے میں ایران کی جانب سے کوئی بھی خلاف ورزی سامنے نہیں آئی اور اس کے علاوہ عالمی جوہری توانائی ادارے نے اپنے سینکڑوں معائنہ کاروں کے ذریعے 8 بار رپورٹس شائع کیں جس میں جوہری معاہدے کے حوالے سے ایران کی پاسداری کی تصدیق بھی ہوچکی ہے.

فیڈریکا موگرینی نے کہا کہ ایران جوہری معاہدے کا تعلق تمام ممالک اور پوری عالمی برادری سے ہے لہذا کوئی بھی اسے یکطرفہ طور پر ختم نہیں کرسکتا.

 

ٹیگس